روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کی انجینئرنگ لیبارٹری تعمیراتی صنعت سے وابستہ اہم لیبارٹری ہے کہ جو مختلف تعمیراتی سامان کی جانچ اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کیمیائی ٹیسٹ سمیت مختلف خدمات فراہم کر رہی ہے۔
انجینئرنگ لیبارٹری کے انجینئر محمد ابراہیم نے کہا، "انجینئرنگ لیبارٹری دیگر کئی ذیلی لیبارٹریز پر مشتمل ہے اور یہ لیبارٹریز تعمیراتی مواد کے معیار کو جانچنے، اسے مزید بہتر بنانے اور اس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ لیبارٹریز اس بات کا تعین کرتی ہیں کہ تعمیراتی عمل میں استعمال ہونے والا مواد مطلوبہ تکنیکی خصوصیات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "انجینئرنگ لیبارٹری کی ان ذیلی لیبارٹریز میں کیمیکل لیبارٹری بھی شامل ہے، یہ لیب بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ تصریحات کے مطابق تعمیراتی مواد کا کیمیائی ٹیسٹ کرتی ہے اور اسے عراقی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کام کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تمام تعمیراتی پراجیکٹس اور سول ورکس کی جانچ پڑتال کے لئے یہاں اس صنعت سے وابستہ ماہرین، انجینئرز اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل تجربہ کار افراد خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ لیبارٹری میں تعمیراتی مواد کی جانچ کے لیے جدید لیبارٹری ڈیوائسز اور ٹیکنالوجی دستیاب ہے جیسے کہ جرمن ایکسرے ڈیوائس، جو سیمنٹ کی جانچ اور تجزیہ کرتا ہے اور اس کے علاوہ بہت سے دوسرے آلات بھی۔
انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی مواد کے نمونوں کے تجزیہ کے لئے انہیں سوالات، متعلقہ معلومات اور خفیہ کوڈ کے ساتھ لیبارٹریوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، تاکہ جانچ کرنے والے کو معلوم نہ ہو سکے کہ یہ نمونے کس کمپنی سے تعلق رکھتے ہیں، پھر ڈیٹا ریکارڈ کیا جاتا ہے اور ٹیسٹ کی نوعیت اور اس کے نتائج سے متعلق معلومات مرتب کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیبارٹری کے پاس عراقی ایکریڈیٹیشن سرٹیفکیٹ ہے اور ملکی سطح پر جدید ترین اور اہم تجربہ گاہوں میں سے ایک ہے۔