روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن کمپلیکس نے دیوانیہ گورنریٹ کے علاقے حمزہ شرقی میں ہفتہ وار قرآن ڈائیلاگ سیشنز کا آغاز کیا ہے۔ یہ ڈائیلاگ سیشن سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے جشن میلاد کی پر مسرت مناسبت پر شروع کیا گیا ہے۔
حمزہ شرقی میں ان ہفتہ وار سیشنز کا انعقاد قرآن انسٹی ٹیوٹ نجف الاشرف سے منسلک علاقائی شاخ کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے کا پہلا عملی سیشن (العقيدة من وحي القرآن) کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس کا آغاز قرآن انسٹی ٹیوٹ حمزہ شرقی کے قاری مرتضیٰ صبحي التمیمی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔
اس کے بعد شیخ حنین العارضی نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت مبارکہ، ان کی فکر اور ان کے مقام و مرتبے کو قرآنی آیات کی روشنی میں بیان کیا۔ انہوں نے تمام افراد بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کو معاشرے کو عصری ثقافتی یلغار سے بچانے کے لیے مذہبی بیداری اور فاطمی ثقافت کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔