عراقی یونیورسٹیوں کی مساجد کی بحالی کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے عملے نے دیوانیہ میں امام کاظم (علیہ السلام) کالج کی مسجد کی بحالی کا کام شروع کیا ہے۔
روضہ مقدس میں شعبہ تعلقات عامہ کے یونیورسٹی اور اسکول ریلیشن ڈویژن کے سید ماھر خالد نے کہا، "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے عملے نے دیوانیہ میں امام کاظم (علیہ السلام) کالج کی مسجد کی تعمیر نو اور بحالی کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ "
انہوں نے مزید کہا، "اس منصوبے کے تحت عراقی کالجز میں واقع ان مساجد کی ضروریات کی نشاندہی کرنا اور انھیں پورا کرنا ہے۔"
ماھر خالد نے کہا، "یہ مہم روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام عراق کے مختلف صوبوں میں یونیورسٹیوں اور کالجوں میں مذہبی اور ثقافتی بیداری کو فروغ دینے کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔"
دیوانیہ میں امام الکاظم کالج کے ڈاکٹر محمد العذاري نے کہا، "کالجز میں مساجد یا نماز کے لئے مختص ہالز کی تعمیر نو اور بحالی کا یہ مہربان اقدام ایک قابل تحسین منصوبہ ہے، اور ہم اس کام کو انجام دینے والے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ساتھ سائنسی اور انتظامی شعبوں اور مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے میں بھی مشترکہ تعاون قائم ہوگا۔"
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا عراقی یونیورسٹیوں کی مساجد کی بحالی کا یہ منصوبہ معاشرے میں اسلامی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینے کے عزم کا حصہ ہے اور یہ مہم طلباء میں مذہبی جذبہ کو تقویت دینے اور مذہبی اور فکری سرگرمیوں اور تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دینے میں معاون ثابت ہوگی۔