ہر سال کی طرح امسال بھی (3 رجب 1445هـ) بمطابق ( 15جنوری 2024) کو حضرت امام علی نقی علیہ السلام کے یوم شہادت کے احیاء کے لئے ماتمی جلوسوں اور عزاداروں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام میں حاضری دی اور امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ) اور اہل بیت اطہار (علیہم السلام) کو حضرت امام على نقى علیہ السلام کی شہادت کا پرسہ پیش کیا۔
شعبہ شعائر حسینی و مواکب میں کمیونیکیشن یونٹ کے سربراہ سيد محمد كاظم عبد الحسين نے کہا، " امام الہادی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اہل کربلا کے عزائی مواکب اور انجمنوں نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت ابا الفضل العباس علیہ السلام کی بارگاہ میں تعزیت پیش کرنے کے لیے حاضری دی۔ "
انہوں نے مزید کہا کہ "اس المناک شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے آنے والے جلوس عزاء شارع قبلہ سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں داخل ہوتے ہیں اور وہاں عزاداری اورپرسہ پیش کرنے کے بعد مابین الحرمین سے ہوتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ السلام کو امام علی نقی علیہ السلام کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے روضہ مبارک امام حسین(ع) میں داخل ہو جاتے ہیں اور وہاں ماتم داری کے بعد وہیں اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے جامع تیاریاں کی گئی ہیں۔ جلوسوں کی نقل و حرکت ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔"
واضح رہے کہ حضرت امام علی نقی علیہ السلام کے یوم شہادت کے حوالے سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے صحن میں ماتم داری اور مجالس عزاء کا سلسلہ جاری ہے کہ جس میں ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔