روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہندوستان میں ہر سال منعقد ہونے والا جشن امیر المومنین علیہ السلام اس مرتبہ (أَمِيرُ المُؤمِنِينَ -عَلَيْهِ السَّلام- هارُونُ الإمَامَةِ وَالشّاهِدُ يَوْمَ القِيَامَة) کے نعرے کے تحت ممبئی کی موكال مسجد میں منعقد کیا جا رہا جو 13 تا 15رجب 1445ھ بمطابق (24 تا 26 جنوری 2024 ) تک جاری رہے گا۔
بین الاقوامی تقاریب اور کانفرنسوں کی تیاری کی کمیٹی کے رکن سید سامر الصافی نے کہا، "کمیٹی نے ہندوستان میں ساتویں سالانہ جشن امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے منعقد ہونے والے اس جشن کا آغاز ممبئی کی تاریخی موكال مسجد میں ہو گا جس میں عراق کے مقامات مقدسہ روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم (ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) بھی شرکت کر رہے ہیں۔"
سید سامر الصافی نے کہا کہ "جشن کی افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے ایک تقریر کے علاوہ اعلی دین قیادت کے نمائندے سید احمد العاملی کی تقریر بھی شامل ہو گی۔ اس جشن کے ضمن میں تمام مقدس روضوں کےعلم بلند کرنے کے علاوہ کتابوں اور تصاویر کی نمائش، محافل قرآن، بمبئی کی مساجد اور امام بارگاہوں کے دورے شہر کی معروف شخصیات سے ملاقاتیں، کوئز پروگرامز، علمی و تحقیقی کانفرنس وغیرہ شامل ہیں۔
واضح رہے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے بیرون ملک منعقد ہونے والے پروگراموں میں سے جشن امیر المومنین علیہ السلام کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور یہ جشن ہر سال ہندوستان کے کسی شہر میں منعقد ہوتا ہے اور اس سال مقدس حرموں کے خدام کی میزبانی کا شرف بمبئی کو حاصل ہو گا۔