روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے امام علی(ع) کے جشن میلاد کے احیاء کے لیے مغل مسجد ممبئی میں ساتویں سالانہ ثقافتی جشن امیر المومنین(ع) کی تین روزہ تقریبات کا انعقاد اس نعرے کے تحت کیا گیا ہے: {امیر المؤمنین(ع) ہارونِ امامت اور شاہدِ روزِ قیامت ہیں۔} کہ جن کا مقصد اہل بیت اطہار(ع) کی معرفت و ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قاری سید حیدر جلوخان نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ڈاکٹر عباس ددّا موسوی نے عراق میں موجود روضات مقدسہ روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب سے خطاب کیا۔ اس کے بعد مغل مسجد کے امام جمعہ وجماعت سید نجیب الحسن زیدی اور پھر ہندوستان میں اعلی دینی قیادت کے نمائندے سید احمد عابدي نے حاضرین سے خطاب کیا۔
جشن امیر المومنین(ع) کی افتتاحی تقریب کے ضمن میں ان تمام افراد کو متبرک تحائف دیئے گئے جن کے نام حضرت علی(ع) کے نام مبارک یا ان کے کسی لقب یا ان کی کسی صفت پر رکھے گئے ہیں، اسی طرح پہلے دن روضات مقدسہ کے گنبدوں کے علموں کو ہر روضہ مبارک کے وفد کے سربراہ کی طرف سے بلند کیا گیا اور علم کشائی کی اس تقریب کے بعد کتابی نمائش کا افتتاح کیا گیا کہ جس میں روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنی منشورات کو رکھا ہے۔