روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ڈاکٹر عباس راشد الدادا الموسوی نے کہا ہے کہ تیسری الوظائف نمائش کے انعقاد کے دو بنیادی مقاصد ہیں۔
یہ نمائش نجف گورنریٹ کی الکفیل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس میں متعدد مقامی کمپنیوں کے علاوہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سے منسلک کمپنیاں اور ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، "روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے منصوبے بنیادی طور پر معاشرے کی خدمت اور ترقی کے لئے ہیں اور آج اس نمائش میں ہم اس ادارے سے منسلک تمام افراد اور تعلیمی و تربیتی اداروں میں خدمات پیش کرنے والوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کام کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، " اس نمائش میں ہم طلباء کو بزنس اور ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے کے بارے آگاہی دیتے ہیں اور انھیں یہ دکھاتے ہیں کہ ایسی کمپنیاں اور ادارے ہیں جن سے وہ گریجویشن کے بعد تعلق جوڑ سکتے ہیں اور اپنے مسقبل کو محفوظ بناتے ہوئے ملک کی ترقی و معاشی استحکام میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔"
الموسوی نے مزید کہا: "نمائش کا دوسرا مقصد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے اداروں اور کمپنیوں کی مصنوعات کو کمیونٹی کے سامنے پیش کرنا، ان کے معیار کے بارے میں آگاہ کرنا اور روضہ مبارک کے اہم منصوبوں کو متعارف کروانا ہے۔ "
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر نے اس بات کی تصدیق کی کہ "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام گریجویٹس کو اپنے منصوبوں اور کمپنیوں میں تربیت کے لیے موزوں ماحول کے ساتھ ساتھ ملازمت کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔"











