روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ تعلقات عامہ کے یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن نے قادسيہ یونیورسٹی کے طلباء کے ایک وفد کا استقبال کیا۔
یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کے سید امیر ہادی جلیل نے کہا، " ہم ہمیشہ ملکی و غیر ملکی نوجوانوں اور طلباء کے وفود کی میزبانی کرتے ہیں، جس کا مقصد نوجوان طبقے سے رابطے میں رہنا ہے اور یونیورسٹی آف قادسیہ کے طلباء کی میزبانی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہےْ۔ "
انہوں نے مزید کہا، "ڈویژن کی جانب سے ان طلباء کے لیے ایک مربوط علمی و ثقافتی پروگرام تیار کیا گیا تھا جس میں مذہبی، ثقافتی اور ترقیاتی لیکچرز کے علاوہ روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت، روضہ مبارک کے منصوبوں الجود ڈٹرجنٹس فیکٹری، الکفیل پرنٹنگ پریس اور الکفیل میوزیم کا دورہ شامل تھا۔"
قادسیہ یونیورسٹی کے وفد کے سربراہ سید حسین عزیز الدليمي نے کہا کہ "طلباء روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کے عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قادسیہ یونیورسٹی کے (40) طلباء کو مذہبی و ثقافتی معاملات اور تعلیمات کے بارے میں جاننے اور مقامات مقدسہ کی زیارت کا موقع فراہم کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام شرکاء کی صلاحیتوں، شخصی مہارتوں اور نظریاتی ونفسیاتی سطحوں کو ترقی دینے کے لئے مسلسل کام کر رہا ہے۔"