حضرت امام موسی کاظم (ع) کی المناک شھادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے خدام کا جلوس عزاء.....

آج بروز منگل(25 رجب 1445ھ) روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی المناک شہادت کے احیاء اور اھل بیت اطہارعلیھم السلام کواس المناک شہادت کا پُرسہ پیش کرنے اور ماتم و عزاداری کے قیام کے لئے ایک ماتمی جلوس نکالا۔

خدام کا یہ جلوس عزاء علامتی تابوت کے ساتھ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے برآمد ہوا اور مابین الحرمین سے ہوتا ہوا حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک میں پہنچا کہ جہاں دونوں مقدس حرموں کے خدام نے مل کر اپنے مظلوم امام کے مصائب پر ماتم کیا اس ماتمی جلوس کا اختتام روضہ مبارک امام حسین(ع) کے صحن میں ایک مجلس عزاء پہ ہوا جس میں زائرین کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ عباسی خلیفہ ہارون رشید نے امام موسی کاظم علیہ السلام کو طویل عرصے تک قید میں رکھا۔ امام علیہ السلام کو ہارون رشید کے حکم پہ متعدد زندانوں میں قید میں رکھا گیا سب سے پہلے امام کو بصرہ میں عيسى بن جعفر کے پاس قید کیا گیا، پھر امام کو وہاں سے فضل بن ربيع کی قید میں منتقل کر دیا گیا، پھر امام کو فضل بن يحيى کی قید میں دے دیا گیا اور آخر میں امام موسی کاظم علیہ السلام کو سندی بن شاہك کی قید میں رکھا گیا اور اسی ملعون نے ہارون کے حکم پہ امام موسی کاظم علیہ السلام کو زہر دے دیا جس کی وجہ سے آپ علیہ السلام 25 رجب المرجب 183 ہجری کو شہید ہوئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: