روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں اقمار شعبان کے ایام ولادت کو منانے کے لئے تین روزہ جشن کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حضرت امام حسین علیہ السلام، حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر سالانہ جشن کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب اقمار محمدیہ کے جشن میلاد کے سلسلے میں تین دن تک جاری رہے گی۔

اس تقریب کا انعقاد روضہ مبارک حضرت ابا الفضل العباس (ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع صحن میں کیا گیا تھا، جس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی، ڈائریکٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، متعدد شعبہ جات کے سربراہان اور سٹاف، مختلف اداروں کی نمائندگی کرنے والے وفود و شخصیات اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جشن کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے قاری سید لیث العبیدی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، اس کے بعد روضہ مقدس کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ڈاکٹر عباس الدادا الموسوی نے خطاب کیا اور ان بابرکت مناسبات پر حاضرین کرام اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی اور عالم اسلام کو ان عظیم و برگزیدہ ہستیوں اور راہ ہدایت کے روشن ستونوں کے اسوہ مبارکہ پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا،" شعبان کا مہینہ ان مقدس مہینوں میں سے ایک ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو عطا کیے ہیں، کہ جن میں بندہ اپنے خالق و مالک کی طرف لوٹتا ہے۔ ماہ شعبان کا فضل و شرف اس سے بڑھ کر کیا ہو گا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو اپنا مہینہ قرار دیا اور روایت ہے کہ جب بھی شعبان کا چاند نظر آتا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم منادی کرواتے کہ اے یثرب کے لوگو، میں تمہاری طرف خدا کا رسول ہوں، شعبان میرا مہینہ ہے، لہٰذا اللہ تعالیٰ اس پر رحم فرمائے جو اس مہینے کے دوران میری مدد کرے۔"

انہوں نے مزید کہا، "ہمیں غورو فکر کرنے کی ضرورت ہے کہ اس مہینے میں اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مدد کیسے کی جائے، اوراس کے لئے سب سے پہلا کام یہ ہے کہ اس مہینے کو ایک اہم روحانی مقام کے طور پر لیا جائے تاکہ ذات الٰہی سے رابطہ قائم کیا جا سکے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے پہلے روح کو تیار کیا جا سکے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تعلق کو قائم کرتے ہوئے ابدی آسمانی پیغام کی تعلیمات پرعمل اور راست رویے اختیار کئے جائیں۔"

انہوں نے کہا کہ " نبی اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کے ساتھ تعلق کو برقرار رکھنے اور اس مہینے کو پانے کا سب سے آسان راستہ رشتہ داروں کے ساتھ پیار ہے۔ ارشاد خداوندی ہے کہ (کہہ دو کہ میں تم سے صلہ رحمی کے سوا کوئی اجر نہیں مانگتا)۔"

انہوں نے مزید کہا: "ماہ شعبان کی تیسری تاریخ وہ مبارک ترین تاریخ ہے کہ جس دن شریعت محمدی کو بچانے والا، سفینہ نجات ، روشن چراغ سبط پیغمبر حضرت امام حسین علیہ السلام اس دنیا میں تشریف لائے۔ "

اس کے بعد نامور شعراء سید مسار ریاض، سید محمد فاطمی اور سید کرار حسین الکربلائی نے جشن میلاد کی مناسبت اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور وفاداری پر مشتمل منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔ جس کے بعد معروف قصیدہ خواں حسين العكيلي نے جشن میلاد کی مناسبت سے خوبصورت قصیدے پڑھے۔

اس کے بعد مسابقة الولادات الشعبانيّة میں درست جوابات دینے والے شرکاء میں فاتحین کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کی گئی جس کے نتیجے میں دس افراد فاتح قرار پائے۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی اور حرم مقدس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سيد علاء آل ضياء الدين نےفاتحین کو انعامات سے نوازا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: