روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکشن برائے مقام صاحب الزمان(عج) نے امام مہدی(عج) کے جشن میلاد کے پرمسرت موقع پر آنے والے زائرین کے استقبال اور انھیں خدمات کی فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشوں کو تیزتر کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں اپنے تمام تر وسائل بروے کار لائے ہوئے ہے۔
مذکورہ بالا سیکشن کے معاون سربراہ انجینئر مہدی محمد موسوی نے کہا ہے کہ ہمارے عملے نے پندرہ شعبان کو امام زمانہ(عج) کے جشن میلاد کے احیاء اور اس موقع پر آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہمارے عملے نے اس مناسبت کے حوالے سے اس مقام اور اس کے گردو نواح میں وسیع آرائش و زینت کی ہے اور جگہ جگہ اس مبارک مناسبت کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے ہیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ مقام کی انتظامیہ نے زائرین کی خمت کے لیے تعینات رضاکاروں کے آرام اور رات گزارنے کے لیے جگہیں تیار کی ہیں، اس کے علاوہ دینی امور کے سیکشن سے منسلک علماء کے لیے متعدد جگہیں مختص کی ہیں کہ جہاں زائرین ان سے شرعی مسائل کے جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔
موسوی نے بتایا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، میڈیکل دسپنسری، کچرا ہٹانے کے لیے خصوصی گاڑیوں کی موجودگی اور فائر برگیڈ اور ایمبولینسوں کے گزرنے کے لیے لائحۂ عمل تیار کیا گیا ہے۔