روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے قرآن علمی کمپلیکس نے تصدیق کی ہے کہ العمید انٹرنیشنل حسن قرآت مقابلہ عراق میں اپنی نوعیت کا منعقد کیا جانے والا پہلا مقابلہ ہے۔
قرآن علمی کمپلیکس کے سربراہ ڈاکٹر مشتاق العلی نے کہا کہ "اس مقابلے کا آغاز رمضان کے مقدس مہینے کی آمد کے ساتھ کیا گیا ہے، اور مقابلے کے پہلے ایڈیشن میں نو عمر لڑکوں اور مرد حضرات کو الگ الگ کیٹیگریزمیں رکھا گیا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "العمید انٹرنیشنل حسن قرآت مقابلہ عراق کی سطح پر منعقد کیا جانے والا اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ ہے؛ یہ ایک بین الاقوامی مقابلہ ہے، اور اس میں (21) عرب اور بیرونی ممالک کے قاریان قرآن شرکت کر رہے ہیں۔ اس مقابلے کی آرگنائزنگ کمیٹی کو مختلف ممالک سے سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئیں، اور انہیں شارٹ لسٹ کرنے اور منتخب کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔"
کمپلیکس کے سربراہ کے مطابق یہ مقابلہ قرآنی ثقافت کو پھیلانے اور فرد اور معاشرے میں بہتری لانے اور رہنمائی کرنے کے لیے ایک مؤثر طریقہ ہے اور روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔