روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے العمید تلاوتِ قرآن ایوارڈ کے لیے منعقدہ مقابلے کے آٹھویں مرحلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قاری مجتبى هرندي زاده نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
اس مقابلہ کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ذیلی ادارے قرآن علمی کمپلکس کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس میں 21 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔
اس مقابلے کے آٹھویں مرحلے کا آغاز روضہ مبارک امام الہادی علیہ السلام اور امام العسکری علیہ السلام کے قاری نے عراقی طرز تلاوت سے کیا۔ اس مرحلے میں عراق سے قاری یوسف علاء جلیل، افغانستان سے قاری فضل احمد اومید، ایران سے قاری مجتبى هرندي زاده اور مراکش سے قاری عبد الرحمن الزيرك شرکت کر رہے تھے، جنہوں نے کتاب الہی کی مخصوص انداز میں تلاوت کی۔
آٹھویں مرحلے کی سرگرمیوں کا اختتام پہلی پوزیشن کے فاتح قاری مجتبیٰ ھرندی زادہ اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائرز کے اعلان پر ہوا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قرآن علمی کمپلکس کے متنوع پروگراموں اور مختلف قرآنی سرگرمیوں کا مقصد خدا کی مقدس کتاب کی تلاوت کی ترویج اور دنیا بھر میں اس کے ایمانی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینا ہے۔