روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر سید افضل شامی نے کہا ہے کہ اس دردناک حادثہ کی افسوسناک خبر ملنے اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی خصوصی ہدایت پر روضہ مبارک کے اعلی سطحی وفد نے بصرہ کا دورہ کیا اور الهارثة کے علاقے میں ٹریفک ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہونے والے طلباء کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے ایصال ثواب کے لیے منعقد ہونے والی تعزیتی مجالس میں ہم نے شرکت کی اور انھیں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد پر لہرانے والا علم مبارک پیش کیا اور اس دوران روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے بھی مرحوم بچوں کے اہل خانہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اس حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت اور مرحومین کے بلندئ درجات کی دعا کی۔
سید شامی نے کہا کہ وفد نے اس حادثے میں زخمی ہونے والے طلباء کی عیادت کے لئے ہسپتال کا دورہ کیا اور کچھ بچوں اور ان کے خاندانوں سے ان کے گھروں میں ملاقات کی، ان میں سے کچھ بچوں کی حالت مستحکم ہے اور کچھ دیگر کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انہیں جلد از جلد صحت یاب کرے۔
اس موقع پرجاں بحق ہونے والےطلباء کے لواحقین اور زخمی طلباء کے اہل خانہ نے روضہ مبارک کے اس ہمدردانہ اقدام اوراس مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دینے، انھیں حوصلہ اور تسلی دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔