روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن سید جواد الحسناوی نے کہا، " یوم عرفہ اور عید الاضحی کی زیارت کے لئے زائرین کی بہت بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر روضہ مبارک نے اپنے تمام شعبوں کے تعاون سے ایک جامع اور مربوط سکیورٹی، سروس اور میڈیکل پلان تیار کیا ہے تاکہ یوم عرفہ اور عید الاضحی کی زیارت کے لئے آنے والے زائرین کو مراسم زیارت کی ادائیگی کے لئے پرامن اور باسہولت ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔"
انہوں نے مزید کہا، "اس منصوبے کا سب سے اہم محور زائرین کی نقل و حرکت کو منظم کرنا ہے اور اس سلسلہ میں تمام شعبوں کی جانب سے تمام تر ممکنہ انسانی اور مادی وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے تاکہ ان بابرکت اور عظیم ایام پر آنے والے زائرین سہولت اور آسانی کے ساتھ پرسکون انداز میں مراسم زیارت کی ادائیگی اور عبادات بجا لاتے ہوئے ان بابرکت ایام کی فضیلتوں، برکتوں اور ثمرات سے فیض یاب ہوسکیں۔ پرسکون ماحول میں عبادت اور مراسم زیارت کی ادائیگی کے لئے اضافی جگہیں تیاربھی تیار کی گئی ہیں اور زائرین کو دھوپ اور گرمی کی شدت سے بچانے کے لئے روضہ مبارک کے بیرونی صحن میں سبز سائبان لگائے گئے ہیں۔"
مابین الحرمین ڈویژن کا عملہ بھی یوم عرفہ کے زائرین کی خدمت کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "روضہ مبارک کے شعبہ مضیف کی جانب سے بھی یوم عرفہ اور عید کے دوران زائرین کو بڑے پیمانے پر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور مضیف کی جانب سے زائرین کرام میں اپنے اندرونی اور بیرونی آؤٹ لیٹس کے ذریعے دسیوں ہزار فوڈ پیکٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ زائرین کو پینے کا ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کے لئے بھی وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ زائرین کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے خصوصی طبی مراکز، موبائل یونٹس، تربیت یافتہ طبی عملہ اور ایمبولینسز موجود ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ "زیارت عرفہ اور عید الاضحی کی عظیم مناسبات کے دوران زائرین کی حفاظت و سلامتی روضہ مبارک کی اولین ترجیح اور اس منصوبے کا اہم ترین پہلو ہے اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہے۔"













