محرم الحرام کے دوسرے روز بھی کربلا کے مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ جاری

نواسہ رسول امام حسین(ع) اور ان کے اہل و عیال کی کربلا میں المناک شہادت کی یاد میں محرم الحرام کے دوسرے روز بھی کربلا کے مقامات مقدسہ میں مراسم عزاء کے احیاء کے لئے ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

روزعاشور امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل و عیال اور ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں اور مراسم عزاء کے احیاء کے لئے مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد اور برآمدگی ایک قدیم روایت ہے جس کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہتا ہے۔

ماہ محرم کے پہلے عشرہ کے ماتمی جلوس اہل کربلا کے لیے مخصوص ہیں اور یہ ایک قدیم رسم عزاء ہے جس کا آغاز زنجیر زنی کے جلوسوں سے ہوتا ہے۔

مقامات مقدسہ کربلا میں مراسم عاشوراء کے احیاء اور عزاداری کے قیام کے لئے ماتمی جلوسوں، مومنین اور دنیا بھر سے سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد کی آمد کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ عزاداران حسینی و زائرین حسینی یوم عاشورہ کو اولاد نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر ڈھائے جانے والی مصیبت عظمی کو یاد کرتے ہوئے پر نم آنکھوں کے ساتھ لبیک یا حسین لبیک یا حسین کی صدائیں بلند کرت نظر آتے ہیں۔

جلوسوں کی نقل و حرکت کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مرتب کردہ ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ یہ جلوس روضہ مبارک ابی الفضل العباس علیہ السلام میں باب قبلہ سے داخل ہوتے ہیں اور باب امام حسن علیہ السلام سے گزر کر بین الحرمیں سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔

کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء، عزائی تقریبات کے انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے تیاریوں کا سلسلہ موسم حزن وغم کی آمد سے بہت پہلے ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: