روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سادۃ الخدم ڈویژن کے رکن سید بدری مامیثہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام سترہ محرم سمیت اہل بیت(ع) سے منسلک تمام مناسبات کے احیاء کے لیے مشترکہ جلوس عزاء برآمد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امام حسین(ع) کی شہادت کے ساتویں دن کے احیاء کے لیے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام کا مشترکہ جلوس عزاء روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے صحن سے برآمد ہوا، اور ما بین الحرمین سے گزر کر روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچا، پورے راستہ میں نوحہ خوانی اور ماتم کرتے عزادار رنج و غم اور سوگ کی مجسم صورت دکھائی دیئے۔
روضہ مبارک امام حسین(ع) کے سکریٹری جنرل کے مشیر فاضل عوز نے کہا ہے کہ روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام اہل بیت(ع) سے منسلک مناسبات کے احیاء کے لیے سال بھر ماتمی جلوس نکالتے رہتے ہیں ، اور آج کا جلوس امام حسین(ع) کی شہادت کے ساتوں دن کے احیاء کے لیے برآمد کیا گیا اور یہ وہ روایت ہے جس پر ہم گزستہ بیس سال سے عمل پیرا ہیں۔
واضح رہے کہ عراق، برصغیر اور بہت سے دوسرے علاقوں میں انتقال کے سات دن بعد مرحوم کی یاد میں مختلف رسوم ادا کی جاتی ہیں اور امام حسین(ع) کے چاہنے والوں کے لیے امام حسین(ع) کی المناک شہادت اور مصائب سے بڑھ کر کوئی سوگ و غم نہیں ہے لہذا سترہ محرم کو عراق کے مختلف شہروں اور خاص طور پر کربلا اور نجف میں امام حسین(ع) کے یوم شہادت کے ساتویں دن امام حسین(ع) کی شہادت اور ان کے مصائب کی یاد میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔


































