روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دینی رہنمائی ڈویژن برائے خواتین کی جانب سے امام زين العابدين(ع) کے یوم شہادت کے احیاء اور عزاداری کے قیام کے لئے مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
ڈویژن کی سربراہ سیدہ عذراء شامي نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ڈویژن کی جانب سے امام زین العابدین(ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سرداب امام موسیٰ کاظم(ع) میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا کہ جس میں خواتین اور زائرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مجلس کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت اور زیارت عاشوراء سے ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس مجلس کے ضمن میں شعبہ خطابت برائے خواتین کی جانب سے (البكَّاءونَ عَلى الْحُسَيْنِ عَلِيه السَّلام) کے عنوان سے ایک تمثیلی خاکہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد امام(ع) کی مظلومیت اور اسلامی اصولوں و اقدار کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر مبنی مرثیے پڑھے گئے۔
عذراء شامی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے عملے نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اندرونی صحن میں زائرات کے لیے "نافذ البصيرة" نامی معلوماتی مقابلہ کا بھی اہتمام کیا جس میں زائرات سے امام سجاد(ع) کی سیرت طیبہ کے بارے میں سوالات کیے گئے اور درست جواب دینے والی زائرات کو متبرک تحائف و انعامات دیئے گئے۔