روضہ مبارک حضرت عباس(ع) دسویں بین الاقوامی تراتيل سجاديہ فیسٹیول کے ضمن میں لگائی گئی کتابی نمائش میں اپنی سینکڑوں کتابوں کے ساتھ شریک ہے، روضہ مبارک امام حسین(ع) کی طرف سے منعقدہ اس فیسٹیول کی کتابی نمائش میں عراقی اور غیر ملکی ناشرین اور پبلیشرز کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری اور ثقافتی امور کے سربراہ سید عقیل یاسری نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنے پویلین میں (شعبہ برائے فکری وثقافتی امور، ہیئتِ عالیہ برائے احياءِ تراث، قرآن علمی کمپلکس، اور شعبہ معارف اسلامی وانسانی) کی منشورات کو رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پویلین میں 650 سے زیادہ عناوین اور موضوعات پر مشتمل کتابوں کو نمائش کا حصہ بنایا گيا ہے جن میں انسائیکلوپیڈیا، کتابیں، خصوصی رسالے، اور تسلسل کے ساتھ چھپنے والی منشورات شامل ہیں۔
یاسری نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں شرکت ثقافتی سرگرمیوں کی حمایت اور مختلف اداروں اور زائرین کے ساتھ ثقافتی اور علمی رابطے میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
انھوں نے روضہ مبارک کی طرف سے ثقافتی اور اسلامی ورثہ پر روشنی ڈالنے کی کاوشوں اور مختلف فکری اور مذہبی شعبوں میں تحقیق اور مطالعہ کی حوصلہ افزائی کی جانب بھی اشارہ کیا۔