بغداد -کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شیخ کلینی کمپلیکس کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ زائرینِ اربعین کے استقبال کے لیے ہم نے ہر طرح سے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
کمپلیکس کے انچارج علی مہدی عباس نے بتایا ہے کہ کمپلیکس کے عملے نے چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے پیدل کربلا آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ زائرین کے رات گزارنے اور آرام کرنے کے لیے چار ہال تیار کیے گئے ہیں جن میں سے دو مردوں کے لیے اور دو خواتین کے لیے مختص ہیں ، اور ہر ایک ہال میں 600 افراد کی گنجائش ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر کمپلیکس کے زیر آسمان حصہ کو سبز کپڑے کے سائباں سے ڈھانپ دیا گیا ہے اور ہیئرکنڈیشنز کے علاوہ35 بڑے ایئر کولرز درجہ حرارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اس کے علاوہ زائرین اور قریبی مواکب کے لیے بڑی مقدار میں پانی کے ڈبوں کو ذخیرہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس سال کمپلیکس میں خواتین کے لیے 200افراد کی گنجائش والے دو اضافی ہالز بھی بنائے گئے ہیں اور 400 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ایک بڑا باورچی خانہ بنایا گیا ہے، جس میں کھانے کی اشیاء کو سٹور کرنے کے لیے200 مربع میٹر کے رقبے کا گودام بھی شامل ہے، کمپلکس میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹر پلانٹ بھی لگایا گیا ہے۔
جبکہ امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے زائرین کو طبی خدمات اور مشاورت فراہم کرنے کے لیے ایک طبی مرکز بھی کمپلیکس میں موجود ہے۔