ہر سال امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت وانصار(ع) کے چہلم کے احیاء کے لیے پیدل کربلا جانے والے زائرین کے راستے میں عطا وسخاوت اور ایثار کی کہانیوں کی تجدید ہوتی ہے۔
ان کہانیوں میں سے ایک بنین کی کہانی بھی ہے، اس معصوم بچی نے جناب رقیہ(س) کی زندگی سے متاثر ہو کر اسے زائرین کی خدمت کے لیے ایک بہترین نمونہ عمل بنا لیا ہے۔
یہ گیارہ سالہ لڑکی بصرہ کے جنوب میں واقع گاؤں سیبہ میں ایک سرگرم اور پرجوش زندگی گزار رہی ہے، اور ہر سال اپنے خاندان کے ساتھ زائرین کے استقبال کے لیے ایامِ اربعین کا انتظار کرتی ہے، بنین کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری اور انھیں کربلا کی طرف پیدل جانے والے تھکے ہوئے زائرین کو پیش کرنے میں گھنٹوں مصروف رہتی ہے امام سجاد(ع) کے بابا کے زائرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے مسلسل بلند آواز کہتی ہے: "هلا بزوار أبو علي"۔
الہامی مصدر
بنین کی والدہ کہتی ہیں: جب بنین کو امام حسین(ع) کی بیٹی جناب رقیہ(س) کی مصائب بھری زندگی اور ثابت قدمی کا معلوم ہوا تو وہ ان سے بہت متاثر ہوئی، اور اس نے فیصلہ کیا کہ وہ انہی جیسا بنے گی اور اپنی زندگی میں انھیں اپنا نمونۂ عمل قراد دے گی، پھر اس نے سادہ سادہ کھانوں کی تیاری اور بیکنگ سیکھی تاکہ خود اپنے ہاتھوں سے بنا کر زائرین کو پیش کر سکے۔
جناب رقیہ(س) کہ جنھیں ہمارے برصغیر میں جناب سکینہ(ع) کے نام سے یاد کیا جاتا ہے نے کم عمری میں اپنے بابا کی شہادت کا صدمہ برداشت کیا اور اس کے بعد شدید ترین ظلم و ستم کا سامنا کیا۔ بنین جیسی بچیوں کے لیے حق کی راہ میں ان کا صبر اور قربانیاں کا ایک بہت بڑا الہامی مصدر ہیں کہ جو انھیں پرہیزگاری، قربانی، عقیدت اور والدین کی اطاعت درس دیتی ہیں۔
ایک چھوٹی بچی کی طرف سے امید کا پیغام
بنین کی کہانی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت(ع) کی محبت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے اور ان کی سیرت اور واقعات نئی نسلوں کے لیے الہامی مصدر بنتے ہیں اور ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے دسیوں لاکھ زائرین امام حسین(ع) سے اپنے عہدِ وفا کی تجدید اور ان سے طاقت اور تحریک حاصل کرنے کے لیے کربلا کا پیدل سفر کرتے ہیں۔
بنین اور جناب رقیہ(س) کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جن صفات کو انسان اپنا سکتا ہے ان میں سے عطاء اور ایثار خوبصورت ترین خصوصیات ہیں۔ امام حسین(ع) سے محبت اور ان کے اہل بیت(ع) کی پیروی ایک ایسا احساس ہے جو ہر زمان و مکان میں مومنین کے دلوں کو متحد کرتا ہے۔