ایام اربعین کے دوران کربلا کے پورے راستہ میں مومنین ایک سے بڑھ کر ایک خدمت فراہم کر رہے ہیں، البتہ بصرہ کے شمال میں واقع نواحی علاقے دیر میں موکب جند المہدی(عج) نے پورے دیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کی وسیع پیمانے پر صفائی کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لے رکھی ہے۔
موکب جند المہدی(عج) کے قیام کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا لیکن اس کے باوجود یہ موکب خدماتی میدان میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، اس کی سرگرمیاں روایتی مواکب سے بڑھ کر سماجی خدمات مہیا کرتی ہیں خاص طور پر ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کے میدان میں اس کی خدمات قابل تحسین وتقلید ہیں۔
موکب کے سربراہ جعفر فرقان نے کہا ہے کہ موکب معاشرے میں صاف ستھرے ماحول کی ثقافت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ موکب کے مستقبل کے منصوبوں میں کوڑا کرکٹ کی ہر قسم کو الگ الگ جمع کرنا اور ری سائیکل کرنا بھی شامل ہے تاکہ ماحولیاتی پائیداری کو برقرار رکھا جا سکے اور زائرین کو بہترین خدمت فراہم کی جا سکے۔
مسلسل صفائی مہم
موکب جند المہدی(عج) کی خدمات صرف ایام اربعین تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ اس کی خدمات کا دائرہ پورے سال پر محیط ہے، موکب نے سال کے دوران متعدد صفائی مہمیں چلائیں جن سے علاقے کی عمومی شکل کو بہتر بنانے اور شہریوں کی صحت کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
سرکاری اور عوامی سطح پر پذیرائی
فرقان کہتے ہیں کہ مقامی میونسپلٹی کے سرکاری حکام کی طرف سے موکب کی کاوشوں کو بہت سراہا گیا اور معاشرے کی خدمت میں ہمارے کردار کی تعریف کی گئی، جبکہ اہل علاقہ نے بھی موکب کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں کافی بیداری پیدا ہوئی ہے اور یہ سب امام حسین(ع) کی برکات سے ہی ہوا ہے۔
موکب جند المہدی(عج) کے اقدامات نے یہ پیغام دیا کہ نیک عمل صرف ایک پہلو تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اس میں امام حسین(ع) کے پرچم تلے مختلف شعبوں میں معاشرے کی خدمت کرنا بھی شامل ہے۔