پاکستان کے تمام مکاتب فکر پہ عراق کے مقدس حرموں کے دو حق ہیں ایک دینی حق اور دوسرا انسانی حق ۔۔۔۔

اسلام آباد میں جاری ہفتہ ثقافت ’’(نسم کربلاء)‘‘ کے تیسرے دن کی تقریبات کے ضمن میں بروز جمعة 20جمادى الثاني 1436هـ (10/04/2015م) کو جامعہ کوثر کے المصطفى ہال میں پاکستان کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کی ایک مشترکہ کانفرنس منعقد ہوئی کہ جس میں اہل سنت اور شیعہ علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت امام حسین(ع) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندے علامہ شیخ علی فتلاوی نے پاکستان میں موجود تمام مکاتب فکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: حضرت امیرالمومنین علی بن ابی طالب(ع) فرماتے ہیں کہ ہر انسان یا تو آپ کا دینی بھائی ہے یا پھر خلقت میں آپ ہی کی مثل ہے۔ لہٰذا ہمارے آپ پہ دو حق ہیں ایک دین میں بھائی ہونے کا حق ہے اور دوسرا حق انسانیت کے ناطے ہے۔
علامہ فتلاوی نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ مجھے اسلام کی سر زمین پاکستان پہ آپ کے درمیان کھڑے ہو کر آپ کو نواسہ رسول امام حسین(ع) کی آخری آرامگاہ کے رہنے والوں کا پیغام پہنچاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے اور میں اپنے آپ کو پاکستان کے مسلمان علماء کے درمیان دیکھ کر سعادت محسوس کر رہا ہوں۔
آپ اصحاب علم ہیں اور یہ بات جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت کو سب سے افضل و بہترین امت قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے (كنتم خيرَ أمّةٍ أُخرجت للناس) اور اللہ نے اس امت کے تمام افراد کو ایک دوسرے کا بھائی قرار دیا ہے ارشاد قدرت ہے (إنّما المؤمنون إخوة) اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اختلافات سے باز رہنے کا حکم بھی دیا ہے اور واضح الفاظ میں بتا دیا ہے کہ اگر اس امت کے افراد نے آپس میں اتحاد و اتفاق کا دامن چھوڑ دیا تو اس امت کی تمام شان و شوکت اور رعب و دبدبہ ختم ہو جائے گا اور ناکامی و نامرادی اس امت کا مقدر بن جائے گی۔ اسی سلسلہ میں خدا نے فرمایا ہے (ولا تنازعوا فتفشلوا وتذهب ريحكم)
امام جعفر صادق(ع) نے مسلمانوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں متعدد طریقوں کی تعلیم دی ہے ایک مرتبہ اسی سلسلہ میں فرمایا:
(امشوا في جنائزهم وعودوا مرضاهم وصلّوا في مساجدهم)".مسلمانوں کے جنازوں میں شرکت کرو مسلمان مریضوں کی عیادت کرو اور مسلمانوں کی مساجد میں نماز ادا کرو۔
آج کے اس دور حاضر میں نجف اشرف میں موجود مسلمانوں کے عظیم دینی لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی دام ظلہ نے اہل سنت اور شیعہ افراد کے درمیان موجود گہرے تعلق کوبیان کرتے ہوئے فرمایا (لا تقولوا إخواننا أهل السنة بل قولوا أنفسنا) کہ تم اہل سنت کو بھائی نہ کہو بلکہ یہ کہو کہ اہل سنت ہماری جسم و جان ہیں۔
یہ بات واضح رہے کہ عراق کے مقدس حرموں کی طرف سے پاک و ہند میں ہونے والے پروگراموں میں ہفتہ ثقافت کو ہندوستان کے جشن امیرالمومنین(ع) کے بعد سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
یاد رہے کہ روضہ مبارک امام حسین(ع) کی طرف سے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی یہ ہفتہ ثقافت جامعہ کوثر کے تعاون سے منعقد ہوا ہے اور اس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) بھی شریک ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: