روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ نے چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے آنے والے زائرینِ اربعین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اس سال جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ ڈیپارٹمنٹ کے کمیونیکیشن ڈویژن کے انچارج انجینئر فراس حمزہ نے کہا کہ ایام اربعین کے لیے ہمارے شعبہ کی طرف سے کی جانے والی تیاریوں کے ضمن میں ہم نے مختلف نوعیات کی جدید ترین ٹیکنالوجیز کو متعارف کرایا ہے کہ جن میں ایک مربوط مواصلاتی نیٹ ورک کا قیام بھی شامل ہے جو کربلا میں داخلے کے تمام بیرونی راستوں تک پھیلا ہوا ہے تاکہ زائرین کو ایک فعال اور موثر مواصلاتی سروس فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن وامان اور زائرین اربعین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل الیکٹرانک نگرانی اور حفاظت کے نظام کو نصب کیا گیا ہے، اس کے علاوہ راستہ بھولنے والوں، اپنے ساتھیوں سے بچھڑنے والوں اور گمشدہ افراد کی مدد اور رہنمائی کے لیے بنائے گئے 35مراکز کے کام کو آسان بنانے کے لیے ان کی تکنیکی اور مشینری ضروریات کو ہر ممکن وسائل کے ساتھ پورا کیا گیا ہے۔
حمزہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں اور خدماتی ہیئات و تنظیموں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کے لیے ایک ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے تاکہ زیارت کے لیے آنے والے دسیوں لاکھ زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور ان کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے لیے کردار اد کیا جا سکے۔