روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا شعبہ برائے دینی امور زائرین کے راستے میں قائم کیے گئے اپنے متعدد تبلیغی پوائنٹس کے ذریعے تعلیمی اور آگاہی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
مذکورہ بالا شعبہ کے معاون سربراہ شیخ عادل محمد وکیل نے کہا ہے کہ تبلیغی پوائنٹس مختلف تعلیمی اور آگاہی خدمات فراہم کر رہے ہیں، جن میں فقہی اور عقائدی سوالات کے جوابات، ضروری مفاہیم کی توضیح، اور دینی کتابوں اور زیارت اربعین کی تقسیم سرفہرست ہے، اس کے علاوہ زائرین کو منشیات کے خطرے اور ان سے دور رہنے کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی معلومات میں اضافے اور انھیں منشیات کے خطرے سے آگاہ کرنے اور ان سے دور رہنے کی ضرورت پر زور دینے کے لیے زائرینِ اربعین میں ہمارے شعبہ کے عملے نے مواکب کے تعاون سے بروشر بھی تقسیم کیے ہیں۔
شیخ وکیل نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی ہر ممکن کوشش ہے کہ وہ ایام اربعین کے دوران آنے والے امام حسین(ع) کے مہمانوں کو بہترین تبلیغی خدمات فراہم کرے اور ان کاوشوں کا مقصد پیغمبر اعظم(ص) کی تعلیمات کے مطابق جامع تبلیغ اور خدا کی طرف دعوت دینا ہے۔