کربلا میں چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے عزائی جلوسوں کی برآمدگی کا آغاز

اربعین کے احیاء کے لیے ماتمی جلوسوں کی روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

شعبۂ شعائر و مواکب کے معاون سربراہ محمد مصطفیٰ طویل نے کہا کہ مواکب عزاء اور زنجیر زنی کے جلوس اربعین کے مراسمِ عزاء کا اہم حصہ ہیں۔ دو دن تک جاری رہنے والے چہلم کے ماتمی جلوسوں کے تنظیمی و رسمی امور کو ہمارے شعبہ کے عملے نے اپنے کاندھوں پر لے رکھا ہے اور روضہ مبارک کے دیگر متعلقہ شعبوں کے تعاون سے تمام جلوسوں کے لیے زمان اور مکان کے حساب سے ایک شیڈول بنایا گیا ہے.

انہوں نے مزید بتایا کہ تقریبا سب عزائی جلوس شارع باب قبلہ امام حسین(ع) کی ابتدا سے برآمد ہو رہے ہیں جہاں سے وہ روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچ کر پرسہ پیش کر رہے ہیں، جلوسوں میں پڑھے جانے والے نوحے اور عزاداروں کا ماتم سانحہ کربلا پر غم وغصہ اور دلوں کی گہرائیوں میں موجود تکلیف کی عکاسی کر رہا ہے۔

طویل نے بتایا کہ وہاں سے نکل کر سب جلوس نوحہ خوانی کرتے ہوئے ما بین الحرمین سے گزرتے ہیں اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دیتے ہیں جہاں ماتم کا پرجوش پرسہ پیش کرنے کے بعد اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک نے جلوسوں کی بلارکاوٹ منظم آمد ورفت کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں مقرر کر رکھی ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: