اربعین امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے مواكب اور حسینی هيئات کے ماتمی جلوسوں کی روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ عزائی جلوس شارع باب قبلہ امام حسین(ع) کی ابتدا سے برآمد ہو رہے ہیں جہاں سے وہ روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچ کر پرسہ پیش کر رہے ہیں، جلوسوں میں پڑھے جانے والے نوحے اور عزاداروں کا ماتم سانحہ کربلا پر غم وغصہ اور دلوں کی گہرائیوں میں موجود تکلیف کی عکاسی کر رہا ہے۔ تمام جلوس نوحہ خوانی کرتے ہوئے ما بین الحرمین سے گزرتے ہیں اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دیتے ہیں جہاں ماتم کا پرجوش پرسہ پیش کرنے کے بعد اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔
جلوسوں میں معاشرے کے مختلف طبقات کی کثیر تعداد کی شرکت کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے، جو اس دردناک سانحے اور امام حسین علیہ السلام کی اصولوں اور حق و انصاف کی خاطر پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں۔
اس وقت عراق کے مختلف علاقوں اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عزاداروں کی بہت بڑی تعداد چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے ان ماتمی جلوسوں میں شرکت کے لیے کربلا میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک نے جلوسوں کی بلارکاوٹ منظم آمد ورفت کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں مقرر کر رکھی ہیں۔