شعبہ ما بین الحرمین کا زیارت اربعین کے خدماتی، تنظیمی اور سیکورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے ما بین الحرمین کی جانب سے زیارت اربعین کے لیے مرتب کردہ خدماتی، تنظیمی اور سیکورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔

شعبہ ما بین الحرمین کے سربراہ محمد طويل نے بتایا کہ شعبہ ما بین الحرمین کی جانب سے اربعین امام حسین(ع) کے حوالے سے طے کردہ لائحہ عمل تین اہم محاور "خدماتی، تنظیمی اور سیکورٹی" پر مشتمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال سروس پلان کے ضمن میں فراہم کردہ خدمات کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے اور کربلا میونسپلٹی ڈائریکٹوریٹ سے اضافی گاڑیاں بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ مقامات مقدسہ سے ملحقہ سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ شعبہ نے زائرین کی نقل و حرکت اور کسی بھی ہنگامی صورت میں زائرین کو طبی عملے تک پہنچانے کے لیے الیکٹرک گاڑیاں مختص کی ہیں، نیز پینے کے پانی اور برف کی نقل و حمل کے لیے بھی خصوصی گاڑیاں مختص کی گئی ہیں کہ جو مقامات مقدسہ کی طرف آنے والی سڑکوں "باب بغداد سٹریٹ، حوراء سٹریٹ، علقمي سٹریٹ" میں موجود حسینی مواکب اور ما بین الحرمین میں موجود زائرین کو خدمات فراہم کر رہی ہیں.

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ شعبہ سے منسلک مینٹیننس یونٹ نے زیارت اربعین کے دوران درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے مابین الحرمین اور دیگر جگہوں پر سپرے فینز اور سپرے سسٹم لگایا ہےکہ جو دن رات کام کر رہا ہے۔

تنظیمی پہلو کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ زائرین اور عزائی جلوسوں کی نقل و حرکت کو منظم کرنے اور بھیڑ سے بچنے کے لیے آنے اور جانے کے راستوں کو عارضی پارٹیشنز لگا کر الگ الگ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی پلان کے ضمن میں تمام راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور فیلڈ ٹیموں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اور لائحہ عمل پر بغیر کسی رکاوٹ کے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: