الکفیل ہسپتال نے زائرینِ اربعین کی خدمت کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو دوگنا کر دیا ہے

الکفیل ہسپتال نے چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے آنے والے زائرینِ اربعین کی خدمت کے لیے اپنے طبی اور خدماتی موکب میں اپنی کاوشوں کو دُگنا کر دیا ہے۔

ہسپتال کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے انچارج حازم فاضل نے بتایا ہے کہ الکفیل ہسپتال نے زائرین کے راستے میں بنائے گئے طبی مراکز کے ذریعے زائرین کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ادارے کے طے کردہ ہنگامی لائحہ عمل کے مطابق اپنی کاوشوں کو دوگنا کر دیا ہے، تاکہ کربلا کے محکمہ صحت پر سے بوجھ کو کم کر کے اس کی مدد کی جا سکے، اس کے علاوہ الکفیل ہسپتال اپنے خدماتی موکب کے ذریعے زائرین کو قسم قسم کے کھانے بھی پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طبی لائحہ عمل متعدد محاور پر مشتمل ہے کہ جن میں سے ایک طبی مرکز عراقی وغیر ملکی مرد اور خواتین ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کے 50 افراد پر مشمتل ہے۔

فاضل نے بتایا کہ یہ مرکز مختلف طبی خدمات فراہم کر رہا ہے جن میں ابتدائی طبی علاج، دائمی بیماریوں کا علاج، ہنگامی صورت حال سے نمٹنا، ای سی جی، جسمانی تھراپی، اور پٹھوں میں کھچاؤ کا علاج شامل ہے۔ اس کے علاوہ فیلڈ فارمیسی زائرین کو دوائیں اور علاج فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ نجف - کربلا روڈ پر واقع اس مرکز نے اب تک 2600 سے زیادہ زائرین کو اپنی طبی خدمات فراہم کی ہیں ۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا خدماتی موکب گزشتہ کئی دنوں سے زائرین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، اور یہ موکب ٹھنڈے مشروبات کے علاوہ روزانہ 2400 سے زیادہ افراد کا کھانا تقسیم کرتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: