روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سے منسلک ابو الفضل العباس سروس کمپلیکس روزانہ تقریبًا 50000 زائرین اربعین کو کھانا پیش کرتا ہے۔
کمپلیکس کے کچن کے انچارج قاسم شخير نے کہا کہ نجف کربلا روڈ پر واقع یہ کمپلیکس روزانہ 48000 سے زیادہ زائرین اربعین کو انواع و اقسام کے کھانے پیش کرتا ہے، کمپلیکس کی طرف سے دو ٹائم کھانے کے علاوہ چوبیس گھنٹے زائرین میں پھل، مٹھائیاں، چائے، فاسٹ فوڈ اور دوسری ہلکی پھلکی غذائیں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپلیکس گرم موسم کے پیش نظر زائرین کرام کو مسلسل پینے کا ٹھنڈا پانی، فریش جوسز اور دیگر مشروبات بھی فراہم کر رہا ہے۔
کمپلیکس کی خدمات صرف کھانے پینے تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ اس میں طبی، ثقافتی اور فکری خدمات کے ساتھ ساتھ زائرین کو قرآن پاک کو درست تلاوت سکھانے کے لیے تعلیم القرآن اسٹیشنز بھی شامل ہیں۔ زائرین کرام کے لئے مذہبی لیکچرز اور مجالس عزاء کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ کمپلیکس میں زائرین کے آرام کرنے اور رات گزارنے کے لیے بھی خصوصی ہالز موجود ہیں اور یہاں روزانہ 12 ہزار سے زیادہ زائرین قیام کرتے ہیں۔
ابو الفضل العباس سروس کمپلیکس میں ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد کی آمد کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے، کہ جو اربعین امام حسین علیہ السلام کے احیاؑء کے لئے پیدل کربلا جا رہے ہیں۔