آج بروز اتوار (20 صفر الخیر 1446 ہجری) کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے جنرل سیکرٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ امام حسین(ع) کے چہلم کے احیاء کے لیے (21.480.525) زائرینِ اربعین کربلا آئے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے زائرین کی یہ تعداد الیکٹرانک گنتی کے نظام سے حاصل کی ہے کہ جو مصنوعی ذہانت سے لیس ہے اور یہ نظام روضہ مبارک کی طرف آنے والے راستوں اور روضہ مبارک کے مرکزی دروازوں پر نصب کیا گیا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اس حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے:
ہم اپنے وقت کے امام الحجة بن الحسن (صلوات الله عليه وعلى آبائه)، مراجع عظام اور پوری اسلامی دنیا اور خاص طور پر انبیاء، اوصیاء اور اولیاء کے وطن عراق کو امام حسین(ع) کے چہلم کی مناسبت سے پرسہ پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ مسلم ممالک کو تمام مشکلات سے محفوظ رکھے، اور ابی عبد اللہ الحسین (علیہ السلام) کے زائرین اپنے شہروں اور وطنوں کو باخیر وعافیت واپس لوٹیں اور ان کے اعمال اور اطاعات قبول ہوں۔
گزشتہ تیرہ صدیوں کی طرح اس سال بھی کربلا کے مقدس شہر نے زیارت اربعین 1446ھ کے دوران آنے والے سید الشہداء امام حسین (علیہ السلام) اور ان کے بھائی ابی الفضل العباس (علیہ السلام) کے مہمانوں اور زائرین کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کیا۔ روضات مقدسہ کے خدام نے زائرین کرام کا خیرمقدم کرنے اور انھیں متنوع خدمات فراہم کرنے کا عظیم شرف حاصل کیا یہ خدمات بہت سی سرگرمیوں پر مشتمل ہیں کہ جن میں طبی، خدماتی، عزائی خدمات شامل ہیں اور انہی خدمات میں سے ایک زائرین اربعین کی گنتی کے لیے مسلسل نویں سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے کمیونیکیشن ڈویژن کی طرف سے کربلا میں داخلے کے مرکزی راستوں پر الیکٹرانک گنتی کے نظام کی تنصیب بھی شامل ہے، اور کربلا میں پیش کی جانے والی دیگر خدمات کا اعداد وشمار اکٹھا کرنے کے لیے الکفیل سنٹر برائے معلومات اور شماریاتی مطالعہ (مركز الكفيل للمعلومات والدراسات الإحصائية) کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔
کربلا میں داخلے کے چار مرکزی راستوں {(بغداد - کربلا)، (نجف - کربلا)، (بابل - کربلا)، (حسینیہ - کربلا)} پر نصب کیے گئے گنتی کے برقی نظام کے مطابق اس سال 1صفر سے لے کر 20 صفر کی دوپہر 12 بجے تک دو کروڑ چودہ لاکھ اسی ہزار پانچ سو پچیس (21480525) زائرین کربلا آئے اور مراسم اربعین ادا کیے۔
ذیل میں گزشتہ سالوں کے دوران آنے والے زائرینِ اربعین کا اعداد وشمار مذکور ہے: