روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ کربلا کے راستوں میں گمشدہ افراد کی رہنمائی کے لیے بنائے گئے مراکز میں 480 رضاکاروں نے خدمات سرانجام دیں۔
مذکورہ بالا شعبہ کے یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن کے سربراہ مہر خالد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گم ہونے والے، اپنے ساتھیوں سے الگ ہو جانے والے اور راستہ بھولنے والے افراد کی رہنمائی اور مدد کے لیے بنائے گئے مراکز میں ایام اربعین کے دوران الکفیل یوتھ پراجیکٹ سے منسلک رضاکاروں نے زائرین کی خدمت کے لیے انتھک محنت کی، رضاکاروں نے ناصرف کربلا کے اندر اور کربلا آنے والے راستوں (نجف - کربلا روڈ، بابل - کربلا روڈ، بغداد - کربلا روڈ) میں بنائے گئے ان مراکز میں خدمات سرانجام دیں بلکہ مرکزی کنٹرول روم اور موبائل ٹیموں میں بھی ذمہ داریوں کو ادا کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا ان مراکز کو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل 480 تربیت یافتہ رضاکاروں کا تعاون حاصل تھا۔
واضح رہے کہ اربعین امام حسین(ع) کے موقع پہ کروڑوں زائرین کربلا آتے ہیں اور ان میں ایک بڑی تعداد پیدل سفر طے کر کے آنے والے زائرین کی بھی ہوتی ہے اس جمع غفیر میں بہت سے افراد اپنے ساتھیوں سے بچھڑ جاتے ہیں یا راستہ بھول جاتے ہیں ان افراد کی مدد اور رہنمائی کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کربلا کی حدود، تمام داخلی راستوں اور کربلا کے اندر بہت سے مقامات پہ گمشدہ افراد کی مدد کے لیے مراکز قائم کیے ہیں جہاں جدید ترین رابطہ نظام نصب کیا گیا ہے تا کہ جلد سے جلد گمشدہ یا راستہ بھولنے والے افراد کی مدد کی جا سکے۔