روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مرکز الکفیل سینٹر برائے صحت عامہ اور حفاظت نے چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے آئے ہوئے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا اعداد وشمار پیش کیا ہے۔
مذکورہ بالا سنٹر کے ڈائریکٹر حیدر خلیل ابراہیم نے کہا ہے ہمارے طبی مراکز نے اربعین امام حسین(ع) کے دوران تقریباً 2135 زائرین کو طبی امداد فراہم کی ہے کہ جن میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طبی ٹیموں نے زائرین کو دو طریقوں سے اپنی خدمات فراہم کیں: کچھ کیسز میں طبی دستوں نے انھیں طبی مراکز اور ہسپتالوں میں پہنچایا تاکہ انھیں ضروری علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے کہ جن کی تعداد 1450 ہے۔ جبکہ دیگر 685 کیسز میں انھیں فیلڈ میں ہی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔
ابراہیم نے کہا کہ مرکز نے عراق کے مختلف علاقوں اور دیگر ممالک خاص طور پر (ایران، پاکستان، بنگلہ دیش) سے آنے والے زائرین کو اپنی طبی خدمات فراہم کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایام اربعین کے دوران مرکز نے جس طبی پروگرام پر کام کیا، اس میں جدید ترین طبی آلات سے لیس موبائل ایمبولینس ٹیموں کی تعیناتی اور ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر ایمبولینس خدمات کی فراہمی کے لیے تمام علاقوں میں تربیت یافتہ رضاکاروں کی تقرری اور اس کے علاوہ ہنگامی صورت حال کی نشاندہی کرنے، ضروری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور طبی وہنگامی انخلاء کے کاموں اور مریضوں کو اسپتالوں تک پہنچانے میں تعاون کرنے والے ٹیمیں ہر جگہ موجود رہیں۔