روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے تعلیمی عمل کو بہتر بنانے کے لیے طلباء تک معلومات پہنچانے میں لاپرواہی نہ برتنے اور ان کے طرز عمل پر توجہ دینے کی تاکید کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کربلا یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر صباح واجد سے ملاقات کے دوران کیا کہ جنہوں نے حال ہی میں یونیورسٹی کی سربراہی کا عہدہ سنبھالا ہے۔ اس ملاقات میں یونیورسٹی کے نئے سربراہ نے کربلا یورنیورسٹی کی خدمات اور روضہ مبارک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون کے پروگراموں کے بارے میں گفتگو کی۔
علامہ صافی نے کہا کہ جب کوئی انسان کسی ذمہ داری کو سنبھالتا ہے تو اسے جس اہم ترین چیز کی اس وقت ضرورت ہوتی ہے وہ خدائی رہنمائی ہے تاکہ جب وہ کسی منصوبہ یا موضوع کے حوالے سے کئی آپشنز میں سے صحیح فیصلہ تلاش کرے تو وہ بہترین چیز کا انتخاب کر سکے۔ ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ ہر نیکی کے لیے آپ کی رہنمائی فرمائے تاکہ آپ اپنی نئی ذمہ داری میں کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک میں ابتدائی اور اعلی تعلیم کی اتھارٹی سے منسلک الکفیل یونیورسٹی اور العمید یونیورسٹی کی تعلیمی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے ہم روضہ مبارک میں اپنی ہدایات کے ضمن میں دو اہم امور پر زور دیتے ہیں اور وہ یہ ہیں: طلباء تک معلومات کی فراہمی میں غفلت نہ برتی جائے، جو کہ کسی بھی یونیورسٹی کے لیے ضروری ہے، اور اس کے علاوہ طلباء کے طرز عمل پر توجہ دی جائے اور یہ دونوں چیزیں کسی بھی علمی مقابلے میں کامیابی کی بنیاد و ستون کے برابر ہیں۔
علامہ صافی نے اس بات پر زور دیا کہ کربلا یونیورسٹی کے ساتھ الکفیل یونیورسٹی اور العمید یونیورسٹی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، اور وہ آپ کی پروقار یونیورسٹی کے ساتھ اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
کربلا یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر صباح واجد نے کہا کہ آج ہمیں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی زیارت اور علامہ سید صافی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، اور کربلا یونیورسٹی کی ترقی اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون کے بارے میں نتیجہ خیز گفتگو ہوئی، روضہ مبارک نے اپنے پروگراموں اور تجربے میں ایک طویل سفر طے کیا ہے اور اسے بین الاقوامی کانفرنسوں اور خاص طور پر علمی کانفرسوں کے انعقاد کے ذریعے علمی پائیداری اور عالمی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلقات میں منفرد مقام کا حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کربلا یونیورسٹی ایک بڑی یونیورسٹی ہے اور اس کے نام کی ایک الگ ذمہ داری ہے، ہم اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور ہمارے پاس ایک واضح وژن اور اہداف ہیں۔