امام حسن عسکری(ع) کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے اہلِ کربلا کے مشترکہ موکب عزاء نے سامراء میں ان کے روضہ مبارک کے پاس ماتمی جلوس برآمد کیا کہ جس میں کربلائی مومنین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ سادۃ الخدم کے رکن سید بدری مامیثہ نے بتایا ہے کہ اہلِ کربلا کے موکب نے امام حسن عسکری(ع) کی المناک شہادت کے احیاء کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے تعاون سے سامراء میں جلوس عزاء برآمد کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہل کربلا کی یہ رَوِش چلی آ رہی ہے کہ وہ اس المناک مناسبت پر امام مہدی(عج) کو پرسہ پیش کرنے کے لیے ایک مشترکہ جلوس عزاء برآمد کرتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس ماتمی جلوس میں عزاداروں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس سانحہ پر نوحوں وماتم کے ذریعے اپنے حزن وغم اور دکھ کا اظہار کیا۔
اس ماتمی وتعزیتی جلوس میں کربلا کی متعدد حسینی انجمنوں اور ہیئات کے علاوہ کربلا گورنریٹ کے لوگوں نے شرکت کی کہ جو سب دستوں کی شکل میں جلوس عزاء میں شریک تھے۔ جلوس کے اختتام پر روضہ مبارک امام علی نقی(ع) اور امام حسن عسکری(ع) کے صحن میں مجلس عزاء اور مرثیہ ونوحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت سامراء میں زائرین کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل کو بروے کار لائے ہوئے ہے اور اس خدماتی عمل میں روضہ مبارک کے متعدد شعبہ جات کے ارکان شریک ہیں۔