روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سامراء میں روضہ مبارک امام نقی(ع) و امام عسکری(ع) کے زائرین کو مسلسل خدمات فراہم کر رہا ہے

امام حسن عسکری(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے سامراء میں روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) میں آنے والے زائرین کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) مسلسل خدمات فراہم کر رہا ہے۔

سامراء میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے گئے ہوئے خدماتی وفد کے سربراہ خلیل مہدی ہنون نے کہا ہے کہ روضہ مبارک کا عملہ زائرینِ شہرِ سامراء کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں، اس سال ہم نے زائرین کی متوقع بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اپنی خدمات کو پچھلے سالوں کے مقابلے میں بہت زیادہ وسعت دی ہے اور بہت بڑے پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا موکب زائرین اور دیگر مواکب کو چوبیس گھنٹے پانی اور برف فراہم کر رہا ہے، اور اس کے علاوہ ٹھنڈے جوسز اور شوارما، سبزیوں اور دیگر تیار کھانوں کے ہزاروں پیکٹس کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متعدد شعبہ جات زائرین کو خدمات فراہم کرنے میں حصہ لے رہے ہیں کہ جن میں شعبۂ حفظِ نظام، شعبۂ خدماتی امور، شعبۂ صحن، شعبۂ مضیف اور شعبۂ سادۃ الخدم سرفہرست ہیں۔

ہنون نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) زائرین کو درپیش تمام مشکلات کو آسان بنانے اور روضہ مبارک امام نقی (ع) وامام عسکری(ع) کی مدد کے لیے ان ساتھ مل کر جمعہ کے روز تک اپنی خدمات کو جاری رکھے گا تاکہ زائرین کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: