روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مینٹیننس اینڈ انجینئرنگ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے پیغمبر اعظم حضرت محمد(ص) اور امام جعفر صادق(ع) کے جشن میلاد کی پرمسرت مناسبت کے قریب آتے ہی روضہ مبارک کی تزیین وآرائش کا کام شروع کر دیا ہے۔
مذکورہ بالا ڈیپارٹمنٹ کے حرم یونٹ کے انچارج حیدر جواد نے کہا ہے کہ روضہ مبارک کے جنرل سیکریٹریٹ کی ہدایات کے تحت ہمارا عملہ حضرت محمد(ص) اور امام جعفر صادق(ع) کے جشن میلاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور اس کے گردونواح کو برقی چراغاں اور مختلف رنگوں، سائز اور شکلوں کی لائٹنگ سے سجانے کا کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دسیوں ہزار رنگ برنگے برقی قمقموں پر مشتمل آرائشی چادروں اور لڑیوں سے روضہ مبارک کے اندرونی حصوں، باب قبلہ روڈ اور روضہ مبارک کی طرف آنے والے دیگر راستوں کو سجایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے رسول اعظم حضرت محمد(ص) اور امام جعفر صادق(ع) کے جشن میلاد کی مرکزی تقریب کی تیاریاں جاری ہیں کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے والے بیرونی صحن میں 16 ربیع الاول/ 20-9-2024ء کو منعقد ہو گی۔