پراجیکٹ کے انچارج انجینئر حسین محمد باقر نے بتایا کہ باب بغداد کی جانب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شمالی حصہ میں زیر تعمیر صحن ام البنین(س) پروجیکٹ پر پھر سے کام شروع کر دیا گیا ہے کہ جسے محرم اور صفر کے مہینوں میں روک دیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انجینئرنگ اور تکنیکل سٹاف نے پورے تہہ خانے کے باقی ماندہ ساختی ڈھانچے، مواصلات، انٹرنیٹ، الیکٹریکل اور مکینیکل سسٹمز اور ان کے راستوں اور کنٹرول رومز اور سروسز رومز پر کام کا آغاز کیا ہے۔
واضج رہے کہ اس صحن کا کل اجمالی رقبہ 20 ہزار مربع میٹر ہے، جس میں بیسمنٹ کا رقبہ 10 ہزار مربع میٹر، محرابی ایوانوں پر مشتمل پہلی اور دوسری منزل کا رقبہ 4 ہزار مربع میٹر، اور مرکزی صحن کا رقبہ 6 ہزار مربع میٹر ہے۔
صحن ام البنین(س) کامنصوبہ متعدد اہداف کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو گا، جس میں سرفہرست زائرین کے لیے زیادہ سے زیادہ جگہ کی فراہمی ہے، اس منصوبے میں ایک ہی وقت میں 60000 زائرین کی گنجائش ہے کہ جو رش کو کم کرنے اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں کافی معاون ثابت ہو گا۔