روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سے منسلک الکفیل کمپنی برائے سرمایہ کاری نے الکفیل یونیورسٹی میں پارکنگ ایریا کو متبادل اور بے آلود توانائی کی پیداوار کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
کمپنی میں ٹیکنالوجی اور توانائی کے حل کے شعبے کے سربراہ انجینئر کرار فتلاوی نے کہا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مرکزی ادارہ نے ہمیں اپنے موجودہ اور مستقتبل کے منصوبوں کے نفاذ اور استمرار کے لیے متبادل توانائی پر انحصار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لہذا ان ہدایات کے تحت ہم نے الکفیل یونیورسٹی کی پارکنگ لاٹ میں شمسی توانائی کے حصول کے لیے پلیٹوں کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صاف ستھری بے آلود توانائی کے منصوبوں میں سے ایک ہے جس پر ہماری کمپنی اس یونیورسٹی میں اور روضہ مبارک کے دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروجیکٹ میں استعمال ہونے والے بائی فیشل (Bifacial) پینلز اپنے دونوں جانب سے 550 واٹ برقی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 132 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے اس یونٹ میں 240 سولر پینل استعمال کیے گئے ہیں۔
فتلاوی نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں ہر پارکنگ کے لیے 60 مائیکرو انورٹر ڈیوائسز کا استعمال کیا گیا ہے، اور ایندھن کی کھپت اور دیگر ذرائع کی توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اس نظام کو بجلی کے نیٹ ورک کے ساتھ سے منسلک کیا جائے گا۔