دفتر آیت اللہ سید سیستانی کا لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بیان

اعلیٰ دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر نے لبنان کے خلاف بلاتوقف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔

جس کا اردو ترجمہ یہ ہے:

بسم الله الرحمن الرحيم
اس وقت عزیز لبنانی عوام بہت مشکل دنوں سے گزر رہے ہیں، انھیں غاصب وجابر اسرائیلی دشمن کی وحشیانہ طریقوں پر مشتمل بڑھتی ہوئی جارحیت کا سامنا ہے، جس میں بڑی تعداد میں ذاتی مواصلاتی آلات کے دھماکے، خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں سے بھرے گھروں کو نشانہ بنانا، جنوب اور بقاع میں دسیوں دیہاتوں اور قصبوں پر شدید بمباری کہ جس کے نتیجے میں - اب تک - بہت بڑی تعداد میں بہادر مزاحمتی جنگجو اور نہتھے شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں اور دسیوں ہزار لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ اعلی دینی قیادت اپنے عزیز لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتی ہے اور ان مصائب پر انھیں پرسہ پیش کرتی ہے، اور اپنے ہاتھوں کو بلند کیے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت فرمائے، اور ان کو شریسندوں کے شر اور فاجروں کی سازشوں سے محفوظ رکھے اور ان کے شہداءِ ابرار کو وسیع رحمت و رضوان میں جگہ عنایت فرمائے اور زخمیوں اور مصیبت زدوں کو جلد شفا عطا فرمائے۔

اعلی دینی قیادت مطالبہ کرتی ہے کہ اس درندگی اور وحشیانہ جارحیت کو روکنے اور لبنانی عوام کو اس کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے، اور مومنین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ لبنانی عوام کے مصائب کو کم کرنے اور ان کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تعاون کریں۔

اللہ لبنان اور اس کے عزیز شہریوں کو ہر قسم کے شر اور نقصان سے محفوظ رکھے۔

(19/ربیع الاول/1446ھ) بمطابق (23/ستمبر/2024ء)
دفتر آيت اللہ سید سیستانی (دام ظلہ) - نجف الاشرف
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: