اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) نے علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے حوالے ایک بیان جاری کیا ہے۔
جس کا اردو ترجمہ یہ ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
(مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا).
مومنیں میں کچھ ایسے ہیں جنہوں نے اللہ سے جو عہد کیا تھا اسے سچا کر دکھایا، ان میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنا کام پورا کر لیا ہے، اور ان میں سے وہ بھی ہیں جو انتظار کر رہے ہیں اور انہوں نے اس عہد میں ذرا سی بھی تبدیلی نہیں کی۔
ہمیں گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ اور لبنانی مقدس مزاحمت میں شامل ان کے بھائیوں اور دسیوں نہتھے شہریوں کی شہادت کی خبر موصول ہوئی ہے کہ جنھیں اسرائیلی دشمن فوج نے عزیز بیروت میں قتل عام کے دوران شہید کیا۔
یہ عظیم شہید قیادت کا بے مثل نمونہ تھا جس نے لبنان کی سرزمین کو آزاد کروانے کے لیے قابض اسرائیلی سامراج کے خلاف فتح میں نمایاں کردار ادا کیا، اور داعشی دہشت گردوں سے عراق کو آزاد کراونے کے لیے عراقیوں کی ہر ممکن مدد کی، اور اسی طرح مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لیے عظیم موقف اختیار کیا، یہاں تک کہ اس نے اپنی قیمتی جان دے کر اس کی قیمت ادا کی۔
ہم اس بہت بڑی مصیبت اور نقصان پر معزز لبنانی عوام اور دیگر تمام مظلوم اقوام کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں، ہم خدائے عالی قدیر سے گڑگڑاتے ہوئے دعا گو ہیں کہ وہ ہم سے جدا ہونے والے اس سعادت مند کو اپنی وسیع رحمت و رضوان میں جگہ عنايت فرمائے اور فردوسِ بالا میں انھیں اپنے اولیاء محمد اور آل محمد کا جوار نصیب فرمائے اور ان کے خاندان کو اور اس سانحہ پر دیگر تمام غمخواروں کو صبر اور سکون عطا فرمائے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون
(24/ربیع الاول/1446ھ) بمطابق (28ستمبر 2024ء)
دفتر آیت اللہ سید سیستانی - نجف اشرف
