روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے لبنانی عوام کے لیے امداد وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے لبنان پر حالیہ صیہونی حملوں کے بعد نجف اشرف میں سکونت پذیر اعلیٰ دینی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لبنانی عوام کے لیے امدادی مہم کا آغاز کیا تھا کہ جس کے تحت روضہ مبارک مسلسل عطیات وصول کر رہا ہے۔

روضہ مبارک میں ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن کے سربراہ شیخ حیدر عارضی نے کہا ہے کہ نجف اشرف میں موجود اعلی دینی قیادت کی اپیل اور روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایت کے مطابق عطیات جمع کرنے اور انھیں زمینی اور فضائی راستے سے لبنانی عوام تک پہنچانے کے لیے ایک خصوصی امدادی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک کی مہم میں لبنان میں متاثرین کو امداد فراہم کرنا، اور شام اور عراق میں بے گھر ہونے والے لبنانیوں کے لیے امدادی مراکز کا قیام شامل ہے۔

انھوں نے بتایا کہ عراق کے تمام صوبوں سے امداد جمع کرنے کے لیے روضہ مبارک نے اپنے گوداموں کو تیار کیا ہے اور مستحق افراد تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔

وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے سامنا کرنے والے لبنانی عوام کے لیے مالی عطیات کی جمع آوری کے سلسلہ میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اکاؤنٹ نمبرز مختص کیے ہیں اور امدادی کمیٹی سے رابطہ کرنے کے لیے فون نمبرز فراہم کیے ہیں، تاکہ عطیہ دینے کے خواہشمند شہریوں کی اس مہم میں شرکت کو آسان بنایا جا سکے، اور ان مشکل حالات میں لبنانی عوام کے مصائب کو کم کرنے کی کوششوں کو بڑھایا جا سکے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے لبنان پر اسرائیلی حکومت کے مسلسل حملوں کے پس منظر میں ایک بیان جاری کیا تھا جس میں اس نے لبنانی عوام کے لیے فوری انسانی امداد بھیجنے کی تاکید کی تھی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: