اس مجلس و فاتحہ خوانی میں روضہ مبارک امام حسین(ع) کے متولی شرعی علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، دونوں مقدس روضوں کے سینیئر عہدیدار اور سرکاری شخصیات موجود تھیں کہ جنھیں آنے والے مومنین نے اس سانحہ کا پرسہ پیش کیا۔
اس مجلس کے انعقاد کا مقصد وحشیانہ حملوں کا سامنا کرنے والے لبنانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، لبنان میں اس وقت انسانی حقوق کی مکمل پامالی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں اور نہتھے معصوم لوگوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دفتر اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) نے علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے حوالے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ قیادت کا بے مثل نمونہ تھے جنھوں نے لبنان کی سرزمین کو آزاد کروانے کے لیے قابض اسرائیلی سامراج کے خلاف فتح میں نمایاں کردار ادا کیا، اور داعشی دہشت گردوں سے عراق کو آزاد کراونے کے لیے عراقیوں کی ہر ممکن مدد کی، اور اسی طرح مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لیے عظیم موقف اختیار کیا، یہاں تک کہ انھوں نے اپنی قیمتی جان دے کر اس کی قیمت ادا کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے نجف اشرف میں سکونت پذیر اعلیٰ دینی قیادت کی اپیل کے بعد امدادی مہم کا آغاز کر رکھا ہے تاکہ لبنانی عوام کے مصائب کو کسی حد تک کم کرنے اور انھیں انسانی ضروریات باہم فراہم کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔