روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دفتر متولی شرعی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل شامی نے کہا ہے کہ شہید حسن نصر اللہ نے وہ فتوحات حاصل کیں جو اللہ تعالیٰ اور انسانیت کے دشمنوں پر حاصل نہیں ہو سکتی تھیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ما بین الحرمین میں فاتحہ خوانی کے دوران کیا کہ جس کا انعقاد روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے شہید علامہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ اور لبنانی مزاحمت میں سے شہید ہونے والے ان کے بھائیوں اور درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دسیوں نہتھے شہریوں کے ایصال ثواب اور انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا ہے۔
ڈاکٹر شامی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مومن کو اس دنیا میں عمل کی توفیق عطا کرتا ہے اور اسے معین اعزازات سے نوازتا ہے اور ان اعزازات میں سب سے اہم درجۂ شہادت پر فائز ہونا ہے جو سید حسن نصر اللہ نے ساری زندگی پر مشتمل طویل جدوجہد اور جہاد کے بعد حاصل کیا۔ انھوں نے اپنی جدوجہد کے ذریعے اللہ تعالیٰ اور انسانیت کے دشمنوں پر ایسی فتوحات حاصل کیں جو ان کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ما بین الحرمین شریفین میں منعقدہ یہ فاتحہ خوانی وہ کم ترین عمل ہے کہ ہم ان کے لیے کر سکتے ہیں، تاکہ ہم اس عظیم اور جلیل القدر شخصیت پر فخر کا اظہار کر سکیں اور اسی طرح اس مجلس میں مومنین ایک دوسرے کو اس سانحہ پر تعزیت پیش کر سکیں۔
واضح رہے کہ یہ تین روزہ مجلس ترحیم اور فاتحہ خوانی بروز اتوار 25 ربیع الاول 1446ھ (9/29/2024) کو سہ پہر تین بجے ما بین الحرمین میں شروع ہوئی۔