دونوں مقدس روضوں میں شہید سید حسن نصراللہ کے علامتی تابوت کی تشیع

مومنین کی بہت بڑی تعداد نے شہید علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ کے علامتی تابوت کو اٹھائے ہوئے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں تشیع جنازہ کے علامتی مراسم ادا کیے۔

اس علامتی تشیع جنازہ میں بہت سی دینی اور سماجی شخصیات کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں مومنین اور زائرین نے شرکت کی۔

علامتی تابوت کے ساتھ اس تشیع جنازہ کا آغاز روضہ امام حسین(ع) سے ہوا، پھر اس کے بعد غم وغصہ، اداسی اور جذباتی ماحول میں یہ جلوس ما بین الحرمین سے ہوتا ہوا روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں پہنچا جہاں پر مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا اور شہید کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نعرے لگائے گئے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹریٹ نے شہید علامہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ اور لبنانی مزاحمت میں سے شہید ہونے والے ان کے بھائیوں اور درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دسیوں نہتھے شہریوں کے ایصال ثواب اور انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ما بین الحرمین میں تین روزہ مجلس ترحیم اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا ہے کہ جس میں ہزاروں مومنین علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی اور علامہ سید احمد صافی کو اس سانحہ کا پرسہ پیش کر رہے ہیں۔

اس علامتی تشیع جنازہ اور مجلس کے انعقاد کا مقصد وحشیانہ حملوں کا سامنا کرنے والے لبنانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، لبنان میں اس وقت انسانی حقوق کی مکمل پامالی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں اور نہتھے معصوم لوگوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: