ہندوستان کے شہر حیدر آباد میں منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) کی انتظامی و انعقادی کمیٹی کے رکن اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دینی امور کے سیکشن کے ممبر جناب شيخ علی اسدی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا: تیسرا سالانہ جشن امیرالمؤمنین(ع) اس ہستی کی ولادت باسعادت کی پُرمسرت مناسبت کو منانے کے لیے منعقد کیا جارہا ہے کہ جو رسول خدا(ص) کے بعد حقیقی معنوں میں ایک انسانیت نواز ہستی ہیں اور ان کو کسی بھی گروہ یا مذھب کے ساتھ خاص کرنا ممکن نہیں ہے کیونکہ حضرت علی(ع) کسی ایک فرد یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ترقی، کمال، سعادت اور خوشبختی کے رہبر و رہنما ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور دوسرے مقدس روضوں کی طرف سے اس شہر کو اس عظیم ہستی کا جشن میلاد منانے کے لیے اختیار کیا گیا ہے جس کی شخصیت قیامت تک کے لیے مشعل راہ رہے گی۔
شیخ اسدی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ یہ جشن خالص طور پر ایک فکری، ثقافتی اور انسانی اقدار پر مشتمل جشن ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت یا کسی فرقہ و مذھب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران جشن کی انتظامی کمیٹی سے صحافیوں نے متعدد سوالات بھی کیے اور جشن کی تقریبات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
یاد رہے عراق کے مقدس حرموں کی طرف سے ہند و پاک میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں جشن امیرالمومنین(ع) کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے کہ جو ہر سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے حضرت علی ابن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پر مسرت موقع پر ہندوستان میں منعقد ہوتا ہے اس سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے تیسرا سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) حیدرآباد کے امام باڑہ و حسینیہ عزاءِ زہراء(ع) میں منعقد ہو رہا ہے اور اس کی تقریبات 12رجب تا 16رجب1436ھ تک جاری رہیں گی اور اس میں عراق کے تمام مقدس حرم شرکت کر رہے ہیں۔