جشن امیرالمؤمنین(ع) حیدر آباد کے مسلمانوں کے لیے تقویت کا ذریعہ اور غیر مسلمین سے ملاقات کا پلیٹ فارم ہے(علامہ سید ابراھیم جزائری)


عراق کے مقدس روضوں کی طرف سے ہندوستان میں منعقد والے تیسرے سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) کی انتظامی کمیٹی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران حیدر آباد کی دوسری بڑی دینی درسگاہ حوزہ علمیہ امام رضا(ع) کے پرنسپل علامہ سید ابراھیم موسوی جزائری نے کہا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور دوسرے مقدس روضوں کی طرف سے منعقد ہونے والا تیسرا سالانہ جشن امیرالمؤمنین(ع) حیدر آباد کے مسلمانوں کے لیے تقویت کا ذریعہ اور غیر مسلمین سے ملاقات کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔
علامہ سید ابراھیم موسوی جزائری سے عراق کے مقدس روضوں کے وفد کی یہ ملاقات حوزہ علمیہ امام رضا(ع) میں ہوئی کہ جہاں وفد کی آمد پر حوزہ علمیہ کے اساتذہ اور طلاب نے وفد کا پرجوش استقبال کیا اور انھیں خوش آمدید کہا اور ان کی اس درسگاہ میں آمد کو اپنے شرف قرار دیا۔
ملاقات کے دوران علامہ جزائری نے حوزہ علمیہ امام رضا(ع) کی تاریخ اور دینی و سماجی خدمات کے حوالے سے وفد کو بریفنگ دی اور یہاں کے تعلیمی نصاب اور طریقہ تدریس سے وفد کو آگاہ کیا۔
مقدس روضوں کے وفد نے علامہ جزائری، حوزہ علمیہ کے تدریسی عملے اور تمام طلاب کو جشن امیرامؤمنین(ع) میں شرکت کی دعوت دی اور حوزہ علمیہ سے تعلق رکھنے والے تمام احباب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے عراق کے مقدس حرموں کی طرف سے ہند و پاک میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں جشن امیرالمومنین(ع) کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے کہ جو ہر سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے حضرت علی ابن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پر مسرت موقع پر ہندوستان میں منعقد ہوتا ہے اس سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے تیسرا سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) حیدرآباد کے امام باڑہ و حسینیہ عزاءِ زہراء(ع) میں منعقد ہو رہا ہے اور اس کی تقریبات 12رجب تا 16رجب1436ھ تک جاری رہیں گی اور اس میں عراق کے تمام مقدس حرم شرکت کر رہے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: