لبنان پر جاری صیہونی حملوں کے تناظر میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے لبنانی عوام کے مصائب کو کم کرنے اور لبنانی عوام تک ضرویارت زندگی پہنچانے کے لئے 1200 ٹن انسانی امداد پر مشتمل بھیجا جانے والا تیسرا امدادی قافلہ شام پہنچ چکا ہے۔
یہ قافلہ روضہ مبارک حضرت عباس (ع)کے سیکریٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، امدادی کمیٹی کے چیئرمین سید محمد اشیقر اور روضہ مبارک کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر سید افضل الشامی کی موجودگی میں کربلا مقدسہ سے لبنان کے لئے روانہ کیا گیا تھا۔
تیسرا امدادی قافلہ 55 ٹرکوں پر مشتمل ہے کہ جو تقریباً 1200 ٹن امدادی سامان جس میں خوراک، ادویات، ایندھن ، پانی اور لبنانی عوام کو درکار ضروری اشیاء شامل ہیں،لیکر لبنان روانہ ہوا تھا۔ یہ قافلہ روضہ مبارک کی جانب سے انسانی بحرانوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کا تسلسل ہے۔
اس سے پہلے بھی روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے اپنی امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر لبنانی شہریوں کی امداد کے لئے دو قافلے لبنان روانہ کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک فیلڈ ہسپتال اور ایک موبائل میڈیکل یونٹ، ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم، ادویات، کھانے پینے ، دیگر ضروریات زندگی اور لاجسٹک سپلائز شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بے گھر ہوجانے والے لبنانی خاندانوں اور ریلیف کیمپس میں پناہ لینے والے متاثرہ خاندانوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے ایک مرکزی باورچی خانہ بھی قائم کیا گیاہے۔ 36 ہزار لیٹر کی گنجائش والے 3 فیول ٹینکرز بھی اس امدادی قافلے کا حصہ تھے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نے کربلا مقدسہ پہنچنے والے بے گھر لبنانیوں کا بھی استقبال کیا ہے، اور انہیں اپنے سروس کمپلیکشز اور ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے، اور بے گھر لبنانیوں کی متوقع آمد کے پیش نظر مزید ہوٹل بھی کرائے پر لیے گئے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی اس امدادی مہم کا مقصد لبنانی عوام کو غذائی، مالی، اور طبی امداد فراہم کرنا ہے، تاکہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مدد کی جا سکے۔