حضرت علی(ع) ہی عین حق واسلام ہیں اور اسلام وحق عین حضرت علی(ع) ہے(علامہ عادل الوکیل)

حضرت علی ابن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پرمسرت موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور عراق کے دوسرے مقدس روضوں کی طرف سے منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ جشن امیرالمؤمنین(ع) کی تقریبات کا آغاز ہندوستان کے شہر حیدر آباد میں اس شعار کے تحت ہو چکا ہے کہ حضرت امیرالمؤمنین(ع) ہی عطائے ربانی اور دستور انسانی ہیں۔
جشن کی افتتاحی تقریب 2مئی 2015ء کو امام باڑہ و حسینیہ عزاء زہراء(ع) میں منعقد ہوئی کہ جس سے عراق کے مقدس روضوں کے وفد کی نیابت میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دینی امور کے سیکشن کے ڈپٹی ڈاریکٹر علامہ شیخ عادل الوکیل نے خطاب کیا اور اپنی گفتگو کا آغاز ان الفاظ سے کیا: محترم و مکرم حاضرین! انبیاء کی سرزمین، اوصیاء کی آغوش، تاریخ کی گہرائیوں، تہذیب و تمدن کے سرچشمہ، نجف اشرف کربلا معلی کاظمیہ اور سامراء کے بلند وبالا گنبدوں، باب مدینۃ العلم اور عشق وفا وایثار کے مرکز حضرت ابوالفضل العباس(ع) کی طرف سے آپ پر اور آل محمد کے چاہنے والوں سلام بھیجتے ہیں ہم حضرت علی علیہ السلام کے جوار سے آپ کے لیے غدیر کی خوشبو اور ولاء و عقیدت کے جھونکنے لے کر آئيں ہیں۔
علامہ عادل الوکیل نے اپنے خطاب میں حضرت علی(ع) کے دور حکومت اور حضرت علی(ع) کے عادلانہ طرز حکمرانی کے بارے میں گفتگو کی اور کہا کہ حضرت علی(ع) کا ہر عمل و فعل ان کا قول ہے کہ جس کی اتباع کرنا ہر مسلمان پر واجب ہے حضرت علی(ع) فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی نے مجھے ساری مخلوق کے لیے امام بنایا ہے لہذا میرے لیے ضروری ہے کہ میں اپنے آپ کو، اپنے کھانے پینے کو اور اپنے لباس کو لوگوں میں سے کمزور ترین افراد کی طرح کر لوں تاکہ فقیر میری فقیرانہ زندگی کی پیروی کرے اور امیر اپنے مال کی وجہ سے سرکش نہ ہو۔
علامہ عادل وکیل نے حضرت علی(ع) کو عین حق واسلام اور اسلام وحق کو عین حضرت علی(ع) قرار دیا اور اپنی بات کی تائید میں حضرت محمد مصطفی(ص) کا یہ فرمان پیش کیا: (عليّ مع الحقّ والحقّ مع عليّ)
یاد رہے عراق کے مقدس حرموں کی طرف سے ہند و پاک میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں جشن امیرالمومنین(ع) کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے کہ جو ہر سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے حضرت علی ابن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پر مسرت موقع پر ہندوستان میں منعقد ہوتا ہے اس سال روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے تیسرا سالانہ جشن امیرالمومنین(ع) حیدرآباد کے امام باڑہ و حسینیہ عزاءِ زہراء(ع) میں منعقد ہو رہا ہے اور اس کی تقریبات 12رجب تا 16رجب1436ھ تک جاری رہیں گی اور اس میں عراق کے تمام مقدس حرم شرکت کر رہے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: