روضہ مبارک حضرت عباس (ع) اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ لبنانی عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے چوتھا امدادی قافلہ روانہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
چوتھے امدادی قافلے میں غذائی و طبی امداد کے علاوہدیگر ضروری اشیاء اور لاجسٹک سپلائز شامل ہیں۔
یہ امدادی مہم روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے نجف اشرف میں سکونت پذیر اعلیٰ دینی قیادت کی اپیل اور روضہ مبارک کے متولی شرعی سید احمد صافی کی ہدایات پر شروع کی ہے تاکہ لبنانی عوام کے مصائب کو کسی حد تک کم کرنے اور انھیں انسانی ضروریات باہم فراہم کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
لبنان پر جاری صیہونی حملوں کے تناظر میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) گذشتہ چند دنوں کے دوران لبنانی عوام کے مصائب کو کم کرنے اور لبنانی عوام تک ضرویارت زندگی پہنچانے کے لئے سینکڑوں ٹن امداد اشیاء پر مشتمل تین امدادی قافلے بھیج چکا ہے، جن میں ایک فیلڈ ہسپتال ، ایک موبائل ہسپتال، ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء ، دیگر ضروریات زندگی اور لاجسٹک سپلائز شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بے گھر ہوجانے والے لبنانی خاندانوں اور ریلیف کیمپس میں پناہ لینے والے متاثرہ خاندانوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے ایک مرکزی باورچی خانے تیار کیاگیا ہے۔ 36 ہزار لیٹر کی گنجائش والے 3 فیول ٹینکرز بھی اس امدادی مہم کے تحت شام اور لبنان بھجوائے گئے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے پہلا امدادی قافلہ عراقی حکومت کے تعاون سے بذریعہ ہوائی جہاز لبنان بھیجا گیا تھا فضائی حدود کے ذریعے بھیجا گیا تھا، اور یہ امدادی کھیپ لاجسٹک سامان کے علاوہ صحت اور ضروریات زندگی سے متعلقہ ضروری سامان پر مشتمل تھا۔
جب کہ دوسرا امدادی قافلہ 40 گاڑیوں پر مشتمل تھا کہ جو 400 ٹن امدادی سامان اور لبنانی عوام کو درکار ضروری اشیاء لیکر لبنان روانہ ہوا تھا۔ اس کے علاوہ 3 آئل ٹینکرز کہ جن کی گنجائش 36 ہزار لیٹر ہے، بھی اس امدادی قافلے کے ساتھ بھیجے گئے تھے۔
تیسرا امدادی قافلہ 55 ٹرکوں پر مشتمل تھا کہ جو تقریباً 1200 ٹن امدادی سامان جس میں خوراک، ادویات، ایندھن ، پانی اور لبنانی عوام کو درکار ضروری اشیاء شامل تھیں،لیکر شام اور لبنان میں موجود بے گھر لبنانی شہریوں کے لئے روانہ کیا گیا تھا۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نے غذائی امداد اور لوجسٹک سپورٹ کے علاوہ عراقی ہلال احمر سوسائٹی کے تعاون سے طبی آلات اور ادویات پر مشتمل ایک امداد ی کھیپ بھی لبنان بھیجی ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) عراقی حکومت، عراقی ہلال احمر اور شام میں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مزید امدادی قافلے بھیجنا جاری رکھے گا تاکہ اسرائیلی جاریت سے متاثرہ لوگوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نے کربلا مقدسہ پہنچنے والے بے گھر لبنانیوں کا استقبال کیا ہے، اور انہیں اپنے سروس کمپلیکشز اور ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے، اور بے گھر لبنانیوں کی متوقع آمد کے پیش نظر مزید ہوٹل بھی کرائے پر لیے گئے ہیں۔






